Thursday, August 17, 2017

پاکستان کی تاریخ کے ایک منفرد کردار جنرل حمید گُل

حمید گُل صاحب جنرل ضیاٗ الحق کے باعتماد اور قریبی ساتھی اور اُن کی سوچ کے آخری نمایاں فوجی آفیسر تھے۔ انہوں نے 1956 میں فوج میں شمولیت اختیار اور 1992 میں سبکدوش ہوئے۔ اس طویل فوجی سروس میں وہ 1987 سے 1989 کے دوران 2 سال کیلئے آئی ایس آئی کے سربراہ رہے۔ لیکن وہ ہمیشہ خود کو سابق سربراہ آئی ایس آئی کہلانا پسند کرتے تھے۔ حمید گل صاحب مارچ 1987 جنرل اختر عبد الرحمان کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدے پر ترقی کے بعد آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل مقرر ہوئے تھے۔ یہ عین وہی وقت تھا جب سوویت یونین نے افغانستان سے انخلا کا فیصلہ کر لیا تھا۔ جنرل صاحب کے ڈی جی آئی ایس آئی بننے کے چند دن بعد ہی افغان مجاہدین کو اسلحہ فراہم کرنے والا اوجھڑی کیمپ پراسرار طور پر تباہ ہو گیا تھا۔ جس کے نتیجے میں غیر سرکاری اندازے کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے 5 ہزار معصوم لوگ لقمہ اجل بنے تھے۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ ان لوگوں کی قربانی 248 سٹنگر میزائلوں کو ملک کے بہترین مفاد میں محفوظ کرنے کے لئے پیش کی گئی تھی۔ سویت یونین کے افغانستان سے انخلا کے فوری بعد امریکہ اور اس کے زیر اثر مغربی و عرب حکومتوں کی توجہ سویت یونین کی شکست سے مسقبل میں جہادیوں کی طرف سے ممکنا خطرات کی طرف منتقل ہوئی۔ جرنل حمید گل صاحب نے تجربہ کار جہادیوں کو ’’ تلف‘‘ کرنے کی بہترین حکمت عملی تیار کی۔ پہلے مرحلے پر اپنی تمام تر عسکری مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے آپریشن جلال آباد کی منصوبہ بندی کی۔ جس کے دوران 4 ہزار تجربہ کار مجاہدین شہید ہوئے لیکن جلال آباد فتح نہ ہو سکا۔ پھر ایک ایسی حکمت عملی ترتیب دی کہ چند ماہ میں ختم ہوتی نظر آنے والی کابل انتظامیہ کئی سال تک چلتی رہی۔ پھر جب کابل انتظامیہ ختم ہوئی تو بھی اقتدار جہادیوں کے ہاتھ نہیں آسکا۔ انہیں جنرل صاحب کے دور میں عرب مجاہدین کے قائد عبد اللہ عزام کو پشاور شہر میں ایک بم حملے میں شہید کر دیا گیا۔ افغان مہاجرین کے شمشتو اور جلوزئی کیمپوں پر عسکری کاروائیاں کر کے غیر افغان خصوصا عرب مجاہدین کو گرفتار کر کے عرب حکومتوں کے حوالے کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ پاکستانی مجاہدین کو "تلف" کرنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں جہاد شروع کرنے کی منصوبہ بندی کا سہرا بھی جرنل صاحب کے سر سجتا ہے۔ حمید گل صاحب کو جب 1989 میں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹا کر کور کمانڈر ملتان بنایا گیا تو وہ خاصے ناراض ہوئے۔ پھر جب 1991 میں انہیں ڈائریکٹر جنرل ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا نامزد کیا گیا تو انہوں نے اسے اپنی توہین قرار دے کر ریٹائر منٹ اختیار کر لی۔ جرنل صاحب کا خیال تھا کہ ان کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی وجہ امریکہ کا دباؤ ہے۔ شاید اسی لئے وہ اس کے بعد امریکہ کو دنیا بھر کے مسائل کا ذمہ دار قرار دیتے رہے ہیں۔ 
جہادیوں کو "تلف" کرنے کے علاوہ انکا دوسرا کارنامہ "پولٹیکل انجینیئرنگ" ہے۔ انہوں نے پاکستان کی پرائم انٹیلیجنسی کے ذریعے سیاسی اکھاڑ پچھاڑ، حکومت کی برطرفی و تشکیل اور سیاستدانوں کو اوپر اٹھانے اور گرانے کا ایسا کامیاب نظام وضع کیا، جو آج تک پوری کامیابی کے ساتھ رواں دواں ہے۔ جرنل ریٹائر حمید گل صاحب اپنی بات پورے اعتماد سے کیا کرتے تھے، لیکن 2001 کے بعد میں نے کئی بار اُن سے پرائیوٹ جہاد کے بارے میں سوال کیا تو وہ جواب دیتے ہوئے خاصے کنفیوژ دیکھائی دیے۔ اُن کی رائے کا لُب لُباب یہ تھا کہ پرائیوٹ جہاد میں کوئی ہرج نہیں اگر وہ مکمل طور پر سرکاری کنٹرول میں رہے تو۔ 
جرنل صاحب اُس خاص زہنیت کا ایک شہکار تھے جس کے خیال میں اسلام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، البتہ اگر کہیں اسلام اور ملکی مفاد میں ٹکراو پیدا ہو جائے تو پھر ترجیع ملکی مفاد کو دی جانی ضروری ہے۔ 
اللہ اُن کی خطاوں سے درگزر اور اُن کی مغفرت فرمائے۔ آمین

Monday, August 14, 2017

یوم آزادی اور حقیقی آزادی کی منزل کا حصول

حقیقی آزادی سے محرومی صرف پاکستان کا ہی مسئلہ نہیں ہے۔
تیسری دنیا (Third World) کے تمام ہی ممالک حقیقی آزادی سے کوسوں دور ہیں۔ ہم اس وقت ’مابعد استعماری دور‘ (Post Colonial Era) میں زندہ ہیں۔ یہ دور افریقہ اور ایشیا کے پورے سابق نو آبادیاتی خطے پر یکساں مسلط ہے۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد جب یورپی قابضین کے لیے اپنی کالونیوں پر براہ راست قبضہ برقرار رکھنا مہنگا ہوگیا تو انہوں متبادل انتظام کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ متبادل انتظام دو مختلف سطعوں پر مشتعمل ہے۔
اول استعماری طاقتوں نے یہاں ایک اشرافیہ (Elite Class) تخلیق کی، جس کے مفادات اپنے ملک سے زیادہ استعماری طاقتوں (Colonialist) sy سے وابسطہ ہیں۔ یہ اشرافیہ سول و ملٹری نوکرشاہی، سیاستدانوں اور بڑے کاروباریوں پر مشتعمل ہے۔ (اس اشرافیہ کی تخلیق کس طرح کی گئی اور اس کو کیسے کنٹرول کیا جا رہا ہے، یہ ایک الگ اور تفصیل طلب موضوع ہے، جس پر پھر کبھی گفتگو کی جائے گی) بادی النظر میں اشرافیہ کی پہچان یہ ہے کہ ان کے بچے استعماری ممالک میں پڑھتے ہیں، ان کے کاروبار، جائیداد اور بنک اکاونٹ انہی ممالک میں ہوتے ہیں، یہ اپنے علاج کے لیے بھی استعماری ممالک کو ترجیح دیتے ہیں۔
بلواسطہ حکمرانی کی دوسری سطع بین القوامی تنظیمیں ہیں۔ جیسے اقوام متحدہ، ولڈ بینک، آئی ایم ایف، ولڈ ٹریڈ آرگنائزیشن، وغیرہ، نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں اور میڈیا۔ یہ تمام تنظیمیں اور ادارے مل کر ترقی پزیر ممالک کو اپنے جال میں جھکڑے رکھتے ہیں۔ ان کا اولین مقصد ان ممالک کے عوام کا خون نچوڑنا اور استعماریوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ ان تنظیموں اور اداروں کا ثانوی مقصد ہے کہ اگر کسی ملک کی اشرافیہ کا کوئی طبقہ استعماری مفادات سے روح گردانی کرنا شروع کر دے۔ یا پھر کسی ملک کے اقتدار پر اشرافیہ کے بجائے عوام کے حقیقی نمائندے پہنچ جائیں، تو انہیں روکا جائے۔
ایسی صورت میں یہ تنظیمیں کُھل کر حرکت میں آتی ہیں، پہلے مرحلے اُس ملک کو ولڈ بینک، آئی ایم ایف وٖغیرہ اقتصادی طور پر دیوالیہ کرتے ہیں۔ تاکہ عوام کو روٹی کے لالے پڑھ جائیں اور وہ حکومت سے بدظن ہوں۔ پھر انسانی حقوق کی تنظیمیں اُس ملک کے خلاف الزامات کا طوفان برپا کرتی ہیں، اور میڈیا رائے عامہ ہموار کرتا ہے۔
اس کے بعد کا مرحلہ دو مختلف انداز میں طے پاتا ہے، حالات کے مطابق یا تو مقامی اشرافیہ کی مدد سے تخہ الٹ دیا جاتا ہے۔ یا پھر اقوام متحدہ باقاعدہ فوجی کاروائی کی اجازت دیتی ہے اور پھر استعماری ممالک کی فوجیں چڑ دوڑتیں ہیں۔
یہاں تک کہ اقتدار پھر استعماری طاقتوں کی وفادار اور تابع فرمان اشرافیہ کے ہاتھ آ جائے۔
مصنوعی طور پر حالات خراب کر کے اقتدار دوبارہ مقامی اشرافیہ کے حوالے کرنے کی درجنوں مثالیں موجود ہیں، جن میں سے ایران میں ڈاکٹر مصدق اور مصر میں اخوان کی حکومت کے خلاف ہونے والے آپریشن ہمارے ہاں معروف ہیں۔
اقوام متحدہ کی زیر نگرانی جنگی کاروائیوں کی مثالیں، افغانستان میں طالبان کی حکومت کا خاتمہ، عراق میں صدام اور لیبیا میں قذافی کی حکومتوں کا خاتمہ ہمارے سامنے ہے۔
استعماری طاقتوں کی اس نئی غلامی سے آزادی کا خواب تک پورا ہونا ممکن نہیں، جب تک اس غلامی کی آگاہی عوام کو نہیں ہو جاتی اور اُن میں اس غلامی سے آزادی کے لیے بھی وہی جذبہ بیدار نہیں ہوجاتا جو استعماری طاقتوی کی براہ راست غلامی کے خلاف بیدار ہوا تھا۔ اس پورے نظام سے مکمل آگاہی کے بغیر اس سے نجاعت کے لیے کی جانے والی تمام کوششیں اندھیرے میں تیر چلانے کے مترادف ہیں۔ یہی وجہ ہے آج تک کہیں بھی معمولی سی کامیابی بھی نصیب نہیں ہو سکی ہے۔

Thursday, August 3, 2017

ایرانی انقلاب: پس منظر اور احوال، ایک جائزہ


ایرانی انقلاب کو سمجھنے کے لئے پہلے ایران کی طویل تاریخ پر ایک مختصر نظر ڈال لیتے ہیں۔ 

پارتھی سلطنت 

ایران کا قدیم نام فارس تھا، یہ دنیا کی قدیم ترین سلطنتوں میں سے ایک ہے، تاریخ کے مختلف ادوار میں اس کا جغرافیہ اور حدود اربعہ تبدیل ہوتا رہا ہے۔ تاریخ کی کتابوں اس خطے پر قدیم ترین "پارتھی سلطنت کا ذکر ملتا ہے۔
پارتھی عہد کے ایک شہزادے کا پیتل کا مجسمہ ( نیشنل میوزیم ایران)
اس سلطنت کا آغاز 249 قبل مسیح سے ہوا، اور یہ 228 عیسوی تک کسی نا کسی صورت میں موجود رہی۔ اس سلطنت کی خاص بات یہ ہے کہ اسی کے دور اقتدار میں" زرتشت" نے "پارسی مذہب" ایجاد کیا، اور پھر جلد ہی یہ ایران کا اکثریتی اور سرکاری مذہب بن گیا۔ دوسری خصوصیت فارسی زبان کا ارتقاء اور رواج ہے۔ ماہر لسانیات متفق ہیں کہ اس دور میں "کتابی پہلوی" زبان رائج ہو چکی تھی جو قدیم اور جدید کے درمیان کی وسط فارسی زبان سمجھی جاتی ہے۔ 

ساسانی سلطنت

دوسری فارسی اور سب سے اہم ، ساسانی سلطنت ہے، جس کے بانی ارد شیر اول نے پارتھیا کے آخری بادشاہ 'ارتبانوس چہارم' کو شکست دے کر سلطنت کی بنیاد رکھی۔ ساسانی سلطنت اپنے دورِ عروج میں موجودہ ایران، عراق، آرمینیا،
ساسانی بادشاہ کا مجسمہ
افغانستان، ترکی اور شام کے مشرقی حصوں، پاکستان، قفقاز، وسط ایشیا اور بہت سے عرب علاقوں پر محیط تھی۔ خسرو پرویز کے دور میں مصر، اردن، فلسطین اور لبنان بھی فتح کر لیے گئے تھے۔یہ اپنے وقت کی سب سے بڑی سپر پاور تھی۔ ایک وقت میں اس کی فوجوں نے مدمخالف سپرپاور بزنطینی سلطنت کے پایہ تخت قسطنطنیہ کی فیصلوں کے نیچے بھی ڈھیرے ڈالے رکھے ہیں۔ پارسی مذہب اس سلطنت کا سرکاری مذہب تھا۔ آج بھی فارسی زبان کی کہاوتوں اور کلاسیکی لٹریچر میں اسی سلطنت کی عظمت کا پرچار اور اس پر فخر و مباہات کا اظہار ملتا ہے۔ 
آخری ساسانی شہنشاہ "یزد گرد سوم" تھا جو دین اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکنے میں ناکام رہا، قادسیہ ۱ور نہاوندکی فیصلہ کن جنگوں نے ساسانیوں کی قسمت کا فیصلہ سُنا دیا تھا۔ "یزدگرد" بلخ کی طرف فرار ہواتا کہ شہنشاہ چین سے امداد لے سکے، وہ 651 عیسوی میں مرو کے قریب مارا گیا۔ یوں ساسانی سلطنت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو گیا۔ یوں ایران اسلامی مملکت کا ایک حصہ بن گیا۔ 

ایران بعد از خلافت راشدہ

خلافت راشدہ کے بعد ایران خلافت بنو امیہ اور پھر خلافت عباسیہ کا حصہ بنا۔ عباسی خلیفہ مامون الرشید کے مقرر کردہ خراسان کے مستقل والی طاہر ابن حسین نے پہلی بار 821 عیسوی میں مرکز سے اعلیحدگی اختیار کی۔ اس کی حکومت میں موجودہ ایران، افغانستان،تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے علاقے شامل تھے۔
مسلم فاتحین کی ایک خیالی تصویر
 دار الحکومت نیشا پور تھا۔ اس کے بعد ایران کے مختلف علاقے مختلف مقامی حکومتوں کے زیر قبضہ آتے رہے، کبھی وسط ایشا کے حکمران قابض ہو جاتے، کبھی افغانیوں نے عروج حاصل کیا، تو کبھی ترک قبضہ جما لیتے۔ مختلف ادوار میں سلطنتیں اس علاقے پر قابض ہوئیں، اُن میں دولت سامانیہ، آل بویہ، سلطنت غزنویہ، سلجوقی سلطنت، ایل خانی منگول، آل مظفر ، آل جلائر شامل ہیں۔ 

تیموری عہد 

ایرانی تاریخ کا اگلا دور تیموری سلطنت کے فتح ایران سے شروع ہوتا ہے۔ وسط ایشیا کے امیر تیمور نے 1392ء میں ایک نئی جنگی مہم کا آغاز کیا تھا جو "یورش پنج سالہ" کہلاتی ہے۔ اس مہم کے دوران اس نے ہمدان، اصفہان اور شیراز فتح کیا۔
تیمور کی تصویر 
آل مظفر کی حکومت کا خاتمہ کیا اور بغداد اور عراق سے آل ِجلائر کو بے دخل کیا۔ اس طرح وہ پورے ایران اور عراق پر قابض ہوگیا۔ تیمور ایران پر قابض ہونے والا پہلا طاقتور شعیہ حکمران تھا۔ امیر تیمور نے عثمانی حکمران بایزید پر عین اُس وقت حملہ کیا جب اُس نے قسطنطنیہ کا محاصرہ کیا ہوا تھا، نوبت یہاں تک آن پہنچی کا بازنطینی حکمران شہر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ 

صفوی عہد 

بایزید پر فتح پانے کے نظرانے کے طور" صفوی حکمرانوں کے جد اعلیٰ" اور معروف صوفی "خواجہ علی" کو آذربائیجان کے شہر اردبیل اور اس کے نواح کا علاقہ دے دیا تھا۔ خواجہ علی کے پوتے شیخ جنید اور پڑپوتے شیخ حیدر نے مسند کی گدی چھوڑ کر اقتدار کے تخت کی جدوجہد شروع کی ۔ لیکن وہ اس جدوجہد کے دوران ہی مارے گئے اور صفوی سلطنت کا باقاعدہ آغاز اسماعیل صفوی کے ہات عمل میں آیا۔ 1503ء تک اسماعیل شیراز اور یزد ، استرایار تک اور مغرب میں بغداد اور موصل تک اپنی سلطنت کی حدوں کو بڑھالیا تھا۔ 1510ء میں مرو کے قریب شیبانی خان ازبک کی شکست کے بعد خراسان بھی اسماعیل کے قبضے میں آگیا۔یوں وہ ایران، عراق اور شیروان کا بلا شرکت غیرے حکمران بن گیا۔ اسماعیل صفوی سے ایران کے ایک نئے دور کا آغاز ہوتا ہے جسے ایران کا شیعی دور کہا جاتا ہے۔
اس سے قبل ایران میں اکثریت سنی حکمران خاندانوں کی رہی تھی اور سرکاری مذہب بھی اہل سنت کا تھا ۔ شاہ اسماعیل نے تبریز پر قبضہ کرنے کے بعد شیعیت کو ایران کا سرکاری مذہب قرار دیا اور اصحاب رسول پر تبرا کرنا شروع کر ا دیا۔یاد رہے کہ اس وقت تبریز کی دو تہائی آبادی سنی تھی اور شیعہ اقلیت میں تھے۔ شاہ اسماعیل صفوی نے صرف یہی نہیں کیا کہ شیعیت کو ایران کا سرکاری مذہب قرار دیا بلکہ اس نے شیعیت کو پھیلانے میں تشدد اور بدترین تعصب کا بھی ثبوت دیا۔ لوگوں کو شیعیت قبول کرنے پرمجبور کیا گیا، بکثرت علماء قتل کردیئے گئے جس کی وجہ سے ہزار ہا لوگوں نے ایران چھوڑدیا۔ یوں ایران سنی اکثریت سے شعیہ اکثریت کا ملک بن گیا۔ (صفویوں کی حکمرانی ایران کے علاوہ آزربائیجان پر بھی تھی، وہاں بھی زبردستی لوگوں کو شعیہ مذہب قبول کرنے پر مجبور کیا گیا۔ آج بھی ایران اور 
آزربائیجان دو ہی شعیہ اکثریت کے ملک ہیں)

صفویوں کے خلاف بغاوت

صفوی سلطنت 1736 ء تک کسی نہ کسی شکل میں قائم رہی ۔ آخری طاقتور صفوی حکمران شاہ حسنین کی جانب سے اہلسنت کے خلاف حد سے زیادہ مظالم کا رد عمل سامنے آیا، افغانوں نے بغاوت کر دی۔ قندھار کے افغانوں نے غلزئی قبیلے کے سردار "حاجی میر وایس خان ہوتک" کی قیادت میں آزادی کا اعلان کر دیا۔ حاجی میر وایس خان کی وفات کے بعد اُس کے جانشیں امیر محمود نے افغانستان سے نکل کر ایران پر حملہ کیا اور اصفہان پر قبضہ کرکے صفوی سلطنت کا خاتمہ کردیا۔
جلد ہی ایران کے صوبے خراسان کے "نادر شاہ افشار" (جسے بعض مقامات پر نادر قلی بیگ بھی لکھا گیا ہے) نے صفویوی کی طرف سے افغانوں سے جنگ شروع کی۔ "مہن دوست" کے مقام پر 1729ء میں اس نے افغانوں کو شکست دے کر صفہان اور پھر شیراز پر قبضہ کر لیا، پھر جلد ہی افغانوں کو ایران سے نکال باہر کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

نادر شاہ کا عہد 

نادر شاہ نے پہلے کچھ عرصہ کے لئے صفوی سلطنت کے احیاء کا اعلان کیا اور ایک کٹ پُتلی صفوی حکمران بھی مقرر کیا۔ لیکن پھر اپنے ہی مقرر کردہ صفوی حکمران عباس سوم کو معزول کرکے 1736ء میں نادر شاہ نے اپنی بادشاہت کا اعلان کردیا۔ جس سے قاچار سلطنت کا آغاز ہوا۔ 
نادر شاہ افشار

نادر شاہ نے اپنے عہد میں ایران کی عظمت رفتہ کو بحال کر دیا، وہیں صحابہ اکرام پر" تبرا" کرنے کی صفوی روایت کو ختم کر کے اہلسنت کے ساتھ بہتر سلوک کا آغاز کیا، جس پر شعیہ اس کے مخالف ہو گئے، جگہ جگہ اس کے خلاف بغاوتیں پھوٹنے لگیں۔ اسی دوران جب وہ داغستان کے پہاڑوں میں بغاوت کچلنے میں مصروف تھا ایک رات اس کے محافظ دستے کے شعیہ سپاہیوں نے اس کے خیمےمیں گُھس کر اسے سوتے میں قتل کردیا۔ نادر شاہ کے بعد ایران ایک بار پھر انتشار اور طوائف الملوکی کا شکار ہوا۔ افشار خاندان کی محدود حکومت اگرچہ 1796ء تک قائم رہی، تاہم یہ حکومت افغانستان کے احمد شاہ ابدالی کے زیر اثر تھی۔

قاچار عہد

افشار خاندان کے زوال کے بعد کچھ علاقوں میں "کریم خان زند" نے "زند خاندان" کی حکومت کی بیاد ڈالی جو 1750 سے شروع ہو کر 1794 تک قائم رہی۔ "محمد خان قاجار" نے پہلے 1794 میں زند خاندان کے "لطفعلی خان زند" کو شکست دے کر زند خاندان کی حکومت کا خاتمہ کیا، پھر دو سال بعد افشار خاندان کے دارالحکومت مشہد پر قبضہ کر کے افشار خاندان کی حکومت کا بھی خاتمہ کر دیا۔ 
قاچار عہد میں جاری ہونے والا کرنسی نوٹ
اس کے بعد پورے ایران اور ملحقہ علاقوں پر قاجان خاندان کی بلاشرکت غیرے حکمرانی کا آغاز ہو گیا۔ قاجار خاندانی کی ایران پر حکمرانی 1925 تک برقرار رہی۔ قاجار خاندان کے عہد میں ہی پورا خطہ یورپی استعمار کے قبضے میں آ گیا۔ ان کے توسیع پسندانہ عزائم نے ایران کو موجودہ سرحدوں میں مقید کیا، وسط ایشیائی علاقوں پر روس نے پنجے گاڑ دیے۔ شام پر فرانس قابض ہو گیا۔ جبکہ عراق، عمان اور ہندستان پر برطانوی راج قائم ہو گیا۔
ایران کے اندر ایک جانب روسی لابی متحرک ہو گئی اور دوسری جانب برطانیہ کے حاشیہ بردار اقتدار کے ایوانوں میں برجمان ہو گئے۔ قاجار خاندان کے آخری دنوں میں برطانیہ اور روسی لابی کی کشمکش انتہائی عروج پر تھی۔ 

پہلوی عہد کا آغاز

قاچار خاندان کے آخری فرمانروا احمد شاہ قاجار کا جھکاو روس کی جانب ہوا تو برطانیہ نے ایک فوجی افسر رضا خان کے ذریعے بغاوت کروا دی۔ چار سال تک کشمکش چلتی رہی، جس کے بعد برطانوی لابی فتح بن کر ابھری اور رضا خان 1925ء میں "رضا شاہ پہلوی" کا لقب اختیار کر کے بادشاہ بن گیا۔ یوں ایران میں پہلوی خاندان کی حکومت کا آغاز ہو گیا۔
رضا خان
رضا شاہ کے 16 سالہ دور اقتدار (1925ء تا 1941ء) میں ان کے منصوبہ جات نے ایران کو ایک ترقی یافتہ ملک بنا دیا۔ ان کی صنعتی اصلاحات سے پیشہ ور متوسط اور صنعتوں میں کام کرنے والے طبقات ابھرے۔ اسی دوران تیل کی دریافت ہوئی اور اینگلو-ایرانین آئل کمپنی کا قیام عمل میں آیا، جس کے بعد لوگوں کو معیار زندگی بھی بلند ہوا۔ پہلوی خاندان کی حکومت میں ملک مکمل طور پر مغربی رنگ میں ڈھلنا شروع ہو گیا۔ حکومت نے جدیدیت کے نام پر خالص مغربیت کی ملک میں آبیاری شروع کر دی، ماضی سے رشتی کاٹنے کی خاطر ملک کا نام فارس سے بدل کر ایران کر دیا گیا۔ اس تمام کوشش کے خاطر خواہ نتائج برامد ہوئے، ماضی کی روایات اور ثقافت کو بڑے شہروں سے دیس نکالا مل گیا۔ ایران کے بڑے شہروں اور یورپی شہروں کے طرز زندگی میں فرق تلاش کرنا مشکل تھا۔ اس کا ایک اثر یہ بھی نکلا کہ مذہب کو ایک ثانوی اور نمائشی چیز سمجھا جانے لگا۔

رضا شاہ سے محمد رضا شاہ 

دوسری جنگ عظیم کے دوران جرمن انجنئرز اور تکنیکی ماہرین کو ملک بدر کرنے کے برطانوی مطالبہ پر رضا شاہ نے پس پیش کی تو برطانیہ اور روس نے اپنی فوجیں ایران میں داخل کر دیں۔ اگست 1941ء میں ایران پر قبضہ کر نے کے بعد رضا شاہ کو گرفتار کر کے ملک بدر کر دیا گیا۔ اور کچھ عرصے بعد رضا شاہ کے صاحبزادے محمد رضا پہلوی کو بادشاہ مقرر کر دیا گیا۔
محمد رضا شاہ، ، رضا شاہ پہلوی کی گود میں
چونکہ برطانیہ کی لابی ایران میں بہت مضبوط تھی۔ اس لئے اُس نے 1943 تک اپنی فوجیں نکال لیں۔ لیکن روس نے فوجیں نکالنے کے بجائے اپنے زیر قبضہ مشرقی صوبوں میں اعلیحدگی کی تحریکیں کھڑی کر دیں۔ بعد ازاں روس نے مئی 1946ء میں اپنی فوج کو نکال لیا، لیکن اس عرصے میں روسی پشت پناہی میں ایک مضبوط کیمونسٹ نواز لابی ایران میں قائم ہو گئی۔

ایران میں اشتراکی اثرات


اسی دوران 1944ء میں مجلس کے انتخابات ہوئے، جس میں خاصی تعداد میں روس نواز بھی منتخب ہو گئے، لیکن شاہ نے مختلف حیلے بہانوں سے انہیں کام نہیں کرنے دیا۔ عام خیال یہی تھا کہ صنعتوں کے مزدور طبقے اور طلبہ میں کیمونسٹ عناصر تیزی سے اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے سیاست میں کیمونسٹ نواز عنصر غالب آتا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں 1949ء میں شاہ پر ایک پراسرار قاتلانہ حملہ ہوا، جس کے بعد سیاست، سیاسی جماعتوں پر پابندیاں عائد کر دی گئیں، اور شاہ کے آئینی اختیارات میں اضافہ کیا گیا۔

ایرانی اشتراکیوں کا ایک پوسٹر
1951 میں سیاست سے پابندی ہٹی تو ڈاکٹر مصدق مجلس میں 12 کے مقابلے میں 79 ووٹ لے کر وزیر اعظم بن گئے۔ مصدق اگرچہ سیکولر سیاستدان سمجھے جاتے تھے لیکن اُن نے کیمونسٹوں کی سب سے مشہور پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تیل کی صنعت کو قومیانے کا اعلان کر کے مغرب کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ جس کے فورا بعد محمد رضا شاہ ملک سے فرار ہو گیا۔

اشترکیوں کے خلاف سی آئی اے کی مہم 

بجائے حالات پر قابو پانے کے ملک سے فرار ہونے کو امریکہ اور برطانیہ نے رضا شاہ کی نا اہلی سے تعبیر کرتے ہوئے، خود میدان میں آنے کا فیصلہ کیا۔ امریکی سی آئی اے اور برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس نے اگست 1953ء میں مصدق کو ہٹانے کا آپریشن ترتیب دیا جسے آپریشن ایجیکس (Operation Ajax) ترتیب دیا۔ جس میں ایرانی وزیر اعظم ڈاکٹر مصدق کو گرفتار کیا گیا، جسے پہلے پہلے جیل میں ڈال دیا گیا اور پھر تمام عمر کے لیے گھر پر نظر بند کر دیا گیا۔ ڈاکٹر مصدق کبھی کسی شخص سے نہیں مل پایا۔
ڈاکٹر مصدق کو گرفتار کیا جا رہا ہے
مصدق حکومت کے خاتمے کے بعد ایک بار پھر مغربی لابی کی گرفت ایران پر مضبوط دیکھائی دینے لگی۔ محمد رضا شاہ واپس ایران آگیا۔اس عرصے میں مغربی ذرائع ابلاغ نے ایرانی ترقی کے خوب ڈھنڈورے پیٹے۔ ملکیت زمین، عورتوں کے حق رائے دہی اور ناخواندگی کے خاتمے، ایران میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے عظیم تر منصوبوں، خوشحالی کے دور دورے کی خبریں مغربی ذرائع ابلاغ میں روزانہ کی بنیاد میں دی جاتی تھیں۔ مغربی اخبارات اور ٹھنک ٹینک ایران کو مشرق وسطٰی کی بڑی اقتصادی و فوجی قوت ثابت کرنے کے لیے زمین و آسمان کے قلابے ملایا کرتے تھے۔

اشتراکی سیاست کے اثرات

لیکن ایران کے اندر اشتراکی نظریات کی حامل تودہ پارٹی کی بڑتی ہوئی مقبولیت شاہ اور اُس کے مغربی سرپرستوں کے لئے وبال جان بنی ہوئی تھی۔ کیمونسٹوں پر کئی بار الزام عاید ہوا کہ انہوں نے شاہ اور اس کے صاحبزادوں کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
اشتراکیوں کا ایک بینر
 شاہ کی حکومت نے خفیہ جاسوسی کے ادارے ساواک کے ذریعے اشتراکی عناصر کو بے دردی سے کچلنے کی سعی کی گئی جس کے وران تودہ پارٹی کے ہزاروں اراکین کا قتل عام کیا گیا۔ تاہم اشتراکیوں کا زور بڑھتا ہی چلا گیا۔ جس سے خائف ہو کر شاہ نے ایک معاہدے کے تحت امریکی فوجی مشن کو ایران بلایا۔

روح اللہ موسوی خمینی کی رونمائی

28 اكتوبر 1964ء كو شاہ نے اىک قانون كى منظورى دى جس كے تحت امرىكى فوجى مشن كے افراد كو وہی حقوق دیے گئے جو وىانا كنونشن كے تحت سفارتكاروں كو حاصل ہیں۔ یہ پہلا موقع تھا کہ روایتی شعیہ علما میں سے کوئی ایرانی سیاست میں نمودار ہوا۔ قم شہر کے مدرسہ فىضىہ کے ایک استاد "روح اللہ موسوی خمینی" نے مدرسے میں ایک تقریر کی۔ یہ تقریر تو شاید کم لوگوں نے ہی سُنی ہو گی، لیکن اس کا متن باقاعدہ اخبارات کو جاری کیا گیا جس کی وجہ سے یہ ایران میں موضوع بحث بنی۔ تقریر میں کہا گیا تھا کہ "مىرا دل درد سے پھٹا رہا ہے میں اس قدر دل گرفتہ ہوں کہ موت كے دن گن رہا ہوں اس شخص (رضاشاہ پہلوی) نے ہمیں بىچ ڈالا ہمارى عزت اور ایران كى عظمت خاک میں ملا ڈالی،اہل ایران كا درجہ امریكى كتے سے بهى كم كر دیا گیا ہے، اے لوگو! تمہیں خبردار كرتا ہوں یہ غلامى مت قبول كرو۔"
خمینی کی شاہ مخالف تقریر کی پریس ریلیز کے ہمرا جاری کی گئی تصویر
شاہ مخالف تقریر کرنے پر روح اللہ موسوی خمینی پر مقدمہ قائم ہوا، اُنہیں گرفتار کر لیا گیا، لیکن کچھ دنوں بعد وہ حکومت کی جازت سے تہران کے مہر آباد ہوائى اڈے سے ترکی چلے گئے۔ اُن کے حامی کہتے ہیں کہ انہیں جلا وطن كیا گیا تھا ، تاہم اُس وقت ایران میں کوئی ایسا قانون موجود نہیں تھا جس کے تحت کسی مجرم کو بغیر سزا سنائے جلا وطن کیا جا سکے۔ یہ بھی یاد رہے کہ کمیونسٹوں کے علاوہ کسی اور کو شاہ مخالف تحریر یا تقریر پر چند سال سے زیادہ کی سزا نہیں سُنائی گئی تھی۔

 روح اللہ موسوی خمینی کی جلا وطنی

روح اللہ موسوی خمینی نے ایران سے نکلنے کے بعد کچھ دنوں تک ترقی میں قیام کیا ، اور پھر عراق منتقل ہو گئے، جہاں عرب قوم پرست بعث پارٹی نے نیا نیا اقتدار سنبھالا تھا اور کرنل عبدالسلام عارف صدر بنے تھے۔
عراق کے شہرنجف میں خمینی کی رہائشگاہ
 روح اللہ موسوی خمینی کی عراق میں سکونت کے روران ہی 1968ء میں وہاں بعث پارٹی کے" احمو حسن البکر" صدر بنے۔ جن کے دست راست صدام حسین تھے۔ روح اللہ موسوی خمینی عراق میں 4 اکتوبر 1965ء سے 6 اکتوبر 1978ء مقیم رہے جو 13 سال بنتے ہیں۔

کمیونسٹوں کے خلاف کاروائی اور پُرامن مظاہروں کا آغاز 


اس دوران محمد رضا شاہ نے 1968 میں ایک بار پھر کمیونسٹوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا۔ کمیونسٹ پارٹی کو توڑ دیا گیا۔ ملک بھر کی ٹریڈ یونیوں پر پابندی لگا دی۔ کمیونسٹ لیڈر روپوش ہوگئے تو ساوک نے اُن کے اہلخانہ کو کو تختہ مشق بنایا۔ جس کے بعد اشتراکی عناصر دوبارہ کبھی اپنے نام سے ظاہر نہیں ہوئے۔ 
تہران یونیورسٹی سے شروع ہونے والے مظاہرے کا ایک پوسٹر
ایران نے1971ء میں ایرانی شہنشاہت کا ڈھائی ہزار سالہ جشن بڑی دھوم دھام سے منایا۔اس تقریب میں پاکستان سے جنرل یحییٰ اور دنیا کے سربراہان مملکت شریک ہوئے۔ اس جشن کے بعد سے دارلحکومت تہران میں شاہ مخالف مظاہروں کا آغاز ہو گیا۔ یہ مظاہروں کا نقطہ آغاز تہران یونیورسٹی تھی جو اُس وقت کمیونسٹ طلبہ کا گڑھ سمجھی جاتی تھی۔ پھر ان مظاہروں کی تعداد اور ہجم میں روز بروز اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔ 

سویت یونین کے عزائم اور اہداف


1970 عشرے میں جس وقت ایران میں شاہ مخالف مظاہرے شروع ہوئے، وہ وقت اشتراکی سویت یونین کی توسیع پسندی کے عروج کا زمانہ تھا۔ ایران کے پڑوس میں اس کے علاوہ واحد شعیہ اکثریتی ملک آزربائیجان سویت یونین کے زیر تسلط تھا اور وہاں سے اشتراکیت مہم پوری شدت سے چلائی جارہی تھی۔ دوسری جانب ایران کے علاوہ فارسی بولنے والے تاجکستان اور افغانستان میں بھی اشتراکیوں کا طوطی بول رہا تھا۔ جہاں سے اشتراکیت پر مبنی کتابیں اور اشتہارات دھڑا دھڑ ایران میں پہنچ رہے تھے۔ ایرانی کیمونسٹوں کو ایران کی سرحدوں سے نکلتے ہی پناہ مل جاتی تھی۔ جس کی وجہ سے ایران میں کمیونسٹوں کی سرکوبی کی تمام کوششیں رائیگاں ثابت ہو رہی تھیں۔
روسی افواج دریائے آمو کے پل سے افغانستان میں داخل ہو رہی ہیں
یہ حقیقت بھی مدنظر رہے کہ سویت یونین کا اُس وقت سب سے اہم ہدف گرم پانیوں تک رسائی تھا۔ جس کا سب سے مختصر اور موثر ترین راستہ بحیرہ قزوين (Caspian Sea) کے ذریعے خلیج فارس (Persian Gulf) تک تھا۔ جبکہ متبادل راستہ افغانستان کے ذریعے پاکستان سے ہوتے ہوئے بحیرہ عرب ہو سکتا تھا۔ 
اُس وقت کے معروضی حالات بتاتے ہیں کہ روس دونوں راستوں کے ذریعے گرم پانیوں تک پہنچنے کی سر توڑ کوشش کر رہا تھا۔ یہ کوشش متعلقہ ممالک میں موجود اشتراکی عناصر کی مدد سے جاری تھی۔ سویت یونین کی ایما اور پیسے کے زور پر افغانستان میں خلق اور پرچم کے نام سے اشتراکی متحرک تھے۔ جنہوں نے 1973 میں اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد وہ افغانستان میں کمیونزم کو رائج کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ دوسری جانب ایران میں بھی کیمونسٹ عناصر امریکہ نواز محمد رضا شاہ کے خلاف متحرک تھے۔ 
ایران کے اندر شاہ مخالف مظاہروں کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا تھا۔ جن میں طلبہ کے ساتھ ساتھ صنعتوں کے مزدور اور عوام کی شرکت بڑھتی جا رہی تھی۔ 1976 تک مظاہرے تہران سے نقل کر دیگر شہروں میں بھی ہونے لگے تھے۔ لیکن دور دور تک شاہ کی حکومت کو ان مظاہروں سے کوئی خطرہ دیکھائی نہیں دیتا تھا۔ 

اشتراکیوں کی جگہ مذہبی عناصر مودر الزام

1977ء میں تبدیلی یہ دیکھی گئی کہ مغرب نواز اخبارات نے اچانک مظاہروں کے لیے کیمونسٹوں کے بجائے مذہبی عناصر کو مورود الزام ٹہرانا شروع کر دیا۔ مظاہروں اور شاہ کے خلاف سازشوں کا مرکز کیمونسٹ تودہ پارٹی کے بجائے "قم" کے مذہبی رہنماوں کو قرار دیا جانے لگا۔ 
صرف میڈیا ہی نہیں بلکہ مگرب نواز بیوروکریسی کے بیانات میں بھی یہی الزامات کثرت سے دہرائے گئے۔ اچانک سرکاری رپورٹوں میں بیان کیا جانے لگا کہ شاہ مخالف اور ترقی مخالف تمام اقدامات عراق کے شہر نجف میں موجود "روح اللہ موسوی خمینی" کے اشاروں پر ہو رہے ہیں۔ اسی اثنا میں ایران کے معتدل و مقبول ترین شعیہ رہنما، سکالر، سیاسی فلسفی اور انقلاب کے داعی علی شریعیتی صرف پالیس سال کی عمر میں پُر اسرار طور پر قتل ہو گئے۔ ایک طرف میڈیا اور بیوروکریسی کے پئے در پئے الزمات اور دوسری جانب علی شریوتی کے قتل نے دو سال کے اندر بیرون ملک موجود سابق غیر معروف مذہبی اُستاد "روح اللہ موسوی خمینی" کو ایران بھر میں مشہور کر دیا۔
مجاہدین خلق کے مظاہرے میں اٹھائے گے پلے کارڈز
ایک طرف مظاہروں کی آڑ میں عوام پر حکومت کا ناقابل بیان جبر تھا اور دوسری جانب حکومت کی مخالفت کا سزاوار "روح اللہ موسوی خمینی" کو قرار دینا۔ تیسری جانب اس دوران "روح اللہ موسوی خمینی" کے ایرانی قوم کے نام پیغامات پر مبنی ہینڈ بلز تھے جو اچانک ہزاروں کی تعداد میں تقسیم ہو جاتے تھے۔ لیکن کبھی معلوم نہ ہو سکا کہ انہیں کون چھاپتا تھا ان ہی وجوعات کی بنیاد پر ایران میں "خمینی" کا نام ایک نجات دہندہ کے طور پر مشہور ہوگیا۔

روح اللہ موسوی خمینی کی فرانس منتقلی اور امریکہ سے رابطے

6 اکتوبر 1978ء کو "روح اللہ موسوی خمینی" نامعلوم وجوعات کی بنا پر فرانس منتقل ہوگئے۔ جہاں انہوں نے پیرس کے نواح میں واقعے قصبے "نوفل لوش تو" میں سکونت اختیار کر لی۔ حیرت انگیز امر یہ تھا کہ محمد رضا شاہ خطے میں مغرب کا سب سے بڑا اتحادی تھا۔ فرانس اور امریکہ شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم نیٹو (NATO - The North Atlantic Treaty Organization) کے باقاعدہ ممبر تھے۔ لیکن اس کے باوجود فرانس نے شاہ محمد رضا شاہ کے سب سے بڑے مخالف اور بقول ایرانی بیوروکریسی کے سازشوں کے سب سے بڑے سرغنہ کو اپنے ہاں پناہ دے دی۔ نہ صرف پناہ دی بلکہ انقلاب کے بعد کے سرکاری موقف کے مطابق "روح اللہ موسوی خمینی" فرانس میں سکونت کے دوران لمحہ با لمحہ شاہ مخالف تحریک کی مکمل رہنمائی کرتے رہے تھے۔ 
فرانس میں سکونت کے دوران "روح اللہ موسوی خمینی" کی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی مستند اطلاعات نہیں ہیں۔ تاہم حال ہی میں امریکہ کی جانب سے ڈی کلاسیفائیڈ کی جانے والی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ اُن کا امریکی حکام سے گہرا رابطہ رہا تھا۔ ڈیکلاسیفائڈ ہونے والی دستاویزات جو سفارتی پیغامات، پالیسی میموز اور میٹنگز کے ریکارڈز پر مشتمل ہیں، جو امریکہ کے روح اللہ خمینی کے ساتھ خفیہ رابطوں کے متعلق خاصا تفصیل سے بتاتے ہیں۔ اس حوالے سے بی بی سی کی ایک روپوٹ میں انکشاف کیا گیا ہے، کہ "روح اللہ موسوی خمینی" نے اس وقت کے امریکی صدر جمی کارٹر کی انتظامیہ کو تجویز دی تھی کہ "اگر صدر کارٹر فوج پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے ان کے اقتدار پر قبضے کو ہموار بنا دیں تو وہ قوم کو پرسکون کر دیں گے۔ استحکام قائم ہو جائے گا اور ایران میں امریکی مفادات اور شہریوں کو تحفظ حاصل ہو گا۔" 
امریکہ کے لیے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ مظاہروں اور ہڑتالوں کی وجہ سے تیل کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہو چکی تھی۔ جو امریکہ کے خیال میں سویت یونین کے ساتھ کسی ممکنا محاذ آرائی کی صورت میں بڑے نقصان کا باعث بن سکتی تھی۔ 
اپنے ایک پیغام میں "روح اللہ موسوی خمینی" وائٹ ہاؤس کو کہا کہ وہ "اس اہم اتحادی (محمد رضا شاہ کی طرف اشارہ) کے جانے پر پریشان نہ ہو جس کے اس کے ساتھ 37 سال سے تعلقات ہیں۔ ہم یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم بھی دوست ہی رہیں گے۔" 
خمینی نے اپنے ایک اور پیغام امریکی حکومت کو ارسال کیا جس میں کہا گیا کہ "آپ دیکھیں گے کہ ہماری امریکیوں سے کوئی خاص دشمنی نہیں ہے۔ اسلامی جمہوریہ کی بنیاد ’انسانی ہمدردی پر قائم کی جائے گی، جس سے ساری انسانیت کے 
امن اور سکون کو فائدہ پہنچے گا۔"

روح اللہ خمینی نے اپنے ایک پیغام میں امریکی حکومت کو بتایا کہ "خمینی نے امریکہ کو بتایا تھا کہ وہ امریکی موجودگی
کو ضروری سمجھتے ہیں تاکہ سویت اور برطانوی اثر کو کم کیا جا سکے۔" 
روح اللہ خمینی نے ایک مرتبہ امریکیوں کے تیل کی ترسیل کے حوالے سے موجود خدشے کو دور کرتے ہوئے واشنگٹن بھیجے گئے ایک پیغام میں لکھا تھا کہ "جو بھی ہم سے صحیح قیمت پر تیل خریدا گا ہم اسے بیچیں گے۔ اسلامی جمہوریہ قائم ہونے کے بعد دو ممالک یعنی جنوبی افریقہ اور اسرائیل، کے علاوہ سب کے لیے تیل کا بہاؤ جاری رہے گا۔" پیغام میں خمینی کا کہنا تھا کہ "ملک کی ترقی کے لیے ایران کو دوسروں کی امداد کی ضرورت ہے، خصوصاً امریکیوں کی۔"
(دستاویزات جاری ہونے کے بعد ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ نے انہیں جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان میں تبدیلی کی گئی ہے۔ تاہم ایرانی حکومت نے ان کے مقابلے میں کوئی اصلی دستاویز جاری نہیں کی ہے۔)
بی بی سی کی مکمل رپورٹ اس لنک پر دیکھی جا سکتی ہے، 
www.bbc.com/news/world-us-canada-36431160

امریکی خفیہ سفارتکاری اور خمینی کی ایران واپسی

"روح اللہ موسوی خمینی" کے پیغامات کے بعد امریکی صدر نے فضائیہ کے جنرل رابرٹ ای ہیوئزر کو پُراسرار مشن پر تہران بیجا۔ جس نے اگلے چند ہفتوں کے دوران محمد رضا شاہ اور ایران کی تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سے درجنوں ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا ذکر تو اُس وقت کے اخبارات میں تفصیل سے ملتا ہے لیکن ان ملاقاتوں کے مندجات کبھی منظر عام پر نہیں آ سکے۔ (خیال رہے کہ اس وقت ایران کی فوج 4 لاکھ اہلکاروں پر مشتعمل تھی جس کا زیادہ تر انحصار امریکی اسلحے اور مشاورت پر تھا۔)
شاہ کی ملک سے روانگی کا اعلان کرتا اخبار
امریکی جنرل رابرٹ ای ہیوئزر کے خفیہ مشن کے بعد ایران کے بادشاہ محمد رضا شاہ نے بیرون ملک چھٹیاں منانے کا اعلان کر دیا۔ جس کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ انہیں امریکی صدر کارٹر نے قائل کیا تھا۔ شاہ کو تہران کے ہوائی اڈے سے پورے شاھی پروٹوکول اور فوجی گارڈ آف آنر کے ساتھ کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ شاہ رخصتی کے ساتھ ہی پیریس میں "روح اللہ موسوی خمینی" چیف آف سٹاف اور امریکی حکومت کے درمیان فرانس میں مذاکرات شروع ہو گئے، جو دو ہفتے جاری رہے، امریکی دستاویزات کے مطابق شاہ کے ایران سے روانہ ہونے کے دو دن بعد ہی "روح اللہ موسوی خمینی" کے نمائندے کو خوشخبری سُنائی گئی تھی کہ ایران کی فوج کے اہم جنرلز ملک کے سیاسی مستقبل کے متعلق لچک دیکھانے کو تیار ہو گئے ہیں"۔

خمینی کا ائیر فرانس کے خصوصی طیارے سے تہران پہنچنے کا منظر
انہی کامیاب مذاکرات کے بعد "روح اللہ موسوی خمینی" ائیر فرانس کے چارٹر جہاز کے ذریعے صحافیوں کے ہمرا تہران روانہ ہوئے تھے، جہاں لاکھوں لوگوں نے اُن کا استقبال کیا تھا۔

افغانستان اور ایران کے متضاد اتفاقات 

ہو سکتا ہے کہ یہ محض حُسن اتفاق ہو کہ دسمبر 1979 کو سویت فوجوں نے افغانستان میں قدم رکھا اور اس کے فورا بعد امریکی صدر نے ایرانی بادشاہ اور خطے میں اپنے سب اہم حریف محمد رضا شاہ کو عارضی طور پر ملک چھوڑنے پر آمادہ کر لیا۔ دوسری جانب ایک امریکی جنرل نے امریکی اثر تلے دبی ہوئی ایرانی فوج کے سربراہوں کو شاہ سے منحرف ہونے پر قائل کر لیا۔ جبکہ تیسری جانب شاہ مخالف مذہبی رہنما کے نمائندے سے دو ہفتے طویل مذاکرات مکمل کر لئے۔ یوں افغانستان میں روسی فوج کے داخلے کے صرف ایک مہینے بعد 17 جنوری 1979 کو "روح اللہ موسوی خمینی" ایران میں ایک انقلاب کے نقیب بن کر تہران پہنچ گئے۔ 

عبوری حکومت اور انقلابی کونسل 

ایران پہنچنے کے فوری بعد11 فروری 1979 کو ایک عبوری حکومت تشکیل دی گئی جس میں معروف ایرانی سکالر اور ماہر تعلیم مہدی بازرگان کو عبوری وزیر اعظم مقرر کیا گیا۔ (کہا جاتا ہے کہ اس مدت میں بھی درپردہ تمام اختیارات "روح اللہ موسوی خمینی" کے ہاتھ میں ہی تھے۔)
مہندی بازگان خمینی کے ہمرا خطاب کرتے ہوئے
 اس دور میں ایران کے اندر "رد انقلاب" کی اصطلاع ایجاد ہوئی، ہزروں افراد کو انقلاب مخالف قرار دے کر قتل کر دیا گیا۔ اب تک کا انقلاب ایران جدت پسندوں، مذہبی افراد اور کیمونسٹوں سب کا انقلاب تھا۔ اس میں شعیہ اور سنی کی بھی کوئی تفریق نہیں تھی۔ حالات میں تبدیلی اُس وقت آئی جب روح اللہ خمینی نے "قم" پہنچ کر شعیہ مذہبی رہنماوں پر مشتعمل اسلامی انقلابی کونسل قائم کرنے کا اعلان کیا۔ عدالت عالیہ کے ارکان، سپہ سالار اور چیف آف اسٹاف کی تقرری اور برطرفی، پاسداران کے سربراہ، قومی تحفظ کی مجلس اعلیٰ کی تشکیل، بری بحری اور فضائی افواج کے سپہ سالاروں، جنگ وصلح کا اختیار، صدر کے انتخاب کی توثیق کے تمام اختیارات اس کونسل کے حوالے کر دیے گئے۔

عوامی انقلاب پر ولایت فقیہ کا قبضہ

 اسلامی انقلابی کونسل کے قیام پر تہران یونیورسٹی میں ایک لاکھ سے زیادہ لڑکوں اور لڑکیوں کے اجتماع میں مطالبہ کیا گیا کہ کابینہ میں تمام جماعتوں مذاہب اور فرقوں کو نمائندگی دی جائے۔ تو اس پر روح اللہ خمینی نے کہا کہ نسلی اور مذہبی اقلیتوں کی کابینہ میں شمولیت کا مطالبہ کرنے والے طلبا بے دین اور اسلام دشمن ہیں۔ (بحوالہ انقلاب ایران از سبط حسن) پریس کی آزادی بھی سلب کر لی گئی۔ 
شعیہ علما کی ایک میٹنگ کا منظر
ریاست کی نوعیت کے سوال پر ریفرینڈم کے موقعہ پر روح اللہ خمینی نے فتویٰ صادر کیا کہ رائے دہندگان سے فقط یہ دریافت کیا جائے کہ وہ اسلامی ری پبلک کے حق میں ہیں کہ نہیں۔ ریفرینڈم کے بعد اعلان کر دیا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سربراہی اور قیادت شعیہ مذہب کے مطابق "ولایت فقیہ" کے سپرد ہو گی۔ان اقدامات کے بعد ایران میں انقلاب کا خواب بڑی حد تک دھندلاتا چلا گیا۔ 

امریکی سفارتخانے پر قبضہ

عوام میں انقلاب سے بیزاری اور بے چینی میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ ولایت فقیہ کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہوئیں تو اسی دوران روح اللہ خمینی کی قربت رکھنے والے طلبہ کے ایک گروپ نے اچانک 4 نومبر 1979 کو امریکی سفارتخانے پر حملہ کر دیا اور سفارتخانے کے عملے کو یرغمال بنا لیا۔ 
طلبہ کا ایک گروپ امریکی سفارتخانے پر قبضے کے لیے گیڈ پھلانگ رہا ہے
خیال رہے کہ جب ایران میں عبوری حکومت قائم ہوئی تھی اُس وقت 50 ہزار سے زیادہ امریکی ایران میں موجود تھے۔ جن میں ملٹری مشنز کے اہکار، تکنیکی عملہ اور کاروباری افراد بھی شامل تھے۔ لیکن یہ سب نہایت پُرامن طور پر ایران سے روانہ ہو گئے تھے۔ کسی نے ان کی روانگی میں رکاوٹ ڈالی نہ ہی کسی امریکی کو کوئی نقصان پہنچا تھا۔ لیکن نومبر میں ایرانی طلبہ کے مخصوص گروپ نے شاہ کو امریکہ میں پناہ دیے جانے کے خلاف اچانک امریکی سفارتخانے پر چڑھائی کر دی، جبکہ محمد رضا شاہ کو پناہ بھی اس وقعے سے کئی مہینے پہلے دی گئی تھی۔
امریکی سفارتخانے کا یہ بحران 444 دن یعنی ایک سال 2 ماہ اور 2 ہفتے تک جاری رہا۔ اس دوران امریکہ کی جانب سے ایران کو تباہ کرنے کی بار بار دھمکی دی گئی۔ ایک بار امریکی صدر جمی کارٹر نے امریکی فوج کو ایران پر حملہ کر کے سفارتی عملے کو ریسکیو کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔ جس کے بعد دو امریکی بحری جنگی جہاز یو ایس ایس کرول سی (USS Coral Sea) اور نمٹز (USS Nimitz) ایرانی ساحلوں کی جانب روانہ ہوگئے۔ امریکی فوج نے تہران کے امریکی سفارتخانے میں پھنسے عملے کو نکالنے کے لیے 24 اپریل 1980 کو آپریشن ایگل کلیو ( Operation Eagle Claw) لانچ کیا جو بُری طرح ناکام ہو گیا۔ اس آپریشن کے دوران 8 امریکی کمانڈوز مارے گئے اور دو گن شپ ہیلی کپٹر تباہ ہوئے۔ دوسری جانب صرف ایک ایرانی سولین مارا گیا۔ 
سفارت خانے کا قبضہ چھڑانے کے لیے امریکی حملے میں تباہ ہیلی کپٹر اور لاشیں
(یاد رہے کہ اس سے پہلے دسمبر 1929 میں محمد رضا شاہ پہلوی امریکہ سے مصر منتقل ہو چکا تھا، جہاں 27 جولائی 1980 کو کینسر کے باعث اُس کا انتقال ہو گیا تھا۔)

امریکی سفارت خانے پر قبضے کے اثرات

تمام معاصر تجزیہ نگار اس امر پر متفق ہیں کہ امریکی سفارتخانے کے محاصرے، اس پر امریکی دھکیوں اور ناکام حملے نے ایران کو مضبوط قوم اور "روح اللہ موسوی خمینی" کو ایران کی ایک طاقتور شخصیت اور متفقہ لیڈر بنا دیا۔ اس دوران عوام کی مکمل تائید "روح اللہ موسوی خمینی" کو حاصل ہو گئی۔
امریکی حملے کے خلاف مظاہرہ اور خمینی کی تصویر
ولایت فقیہ کے خلاف اٹھنے والے آوازیں امریکی دھمکیوں کے شور میں دب گئیں تھیں۔ اسی عرصے میں حکومت اور فوج کے اندر ولایت فقیہ کے حامی کٹر شعیہ عناصر کو مضبوط کیا گیا، اور اس کے بر خلاف خیالات رکھنے والوں کو نکال باہر کر دیا گیا۔ چونکہ اس دوران روز نئی امریکی دھمکی آ جاتی اور امریکی حملے کا ہر لمحہ خطرہ موجود تھا، اس لیے ان اقدامات کے خلاف بات کرنا ملک دشمنی سمجھی جاتی تھی۔

سُنی بغاوت اور ایران عراق جنگ

امریکی سفارتخانے کا ایشو حل ہونے سے پہلے ہی ایرانی حکومت نے سُنی کردوں اور اہواز کے سنی عربوں کی جانب سے شیعہ ولایت فقیہ کے خلاف اپنے مطالبات پیش کر دیے۔ جسے ایرانی حکومت نے بغاوت قرار دیتے ہوئے پاسداران انقلاب کی مدد سے سختی سے کُچل ڈالا۔ جس پر ایک بار پھر ایران کے متعدل اور غیر شعیہ افراد میں بے چینی پھیل گئی۔ لیکن بغاوت کچلے جانے کے چند ہی ہفتوں بعد دریائے شط العرب کے تنازعے پر عراق ایران جنگ شروع ہو گئی۔ اکثر مبصرین کے خیال میں سمتبر 1980 میں شط العرب کو محض ایک بہانہ کے طور پر استعمال کیا گیا تھا ، اصل میں عراق نے امریکہ کی ایما پر ایران پر حملہ کیا۔ ایران عراق کی جنگ دس سال تک جاری رہى۔ 18 جولائی 1988ء کو ایران نے ڈرامائی طور پر جنگ بندی پر رضامندی کا اظہار کیا۔ یوں 8 اگست 1988ء کو دونوں ممالک میں جنگ بندی ہوگئی۔
ایران عراق جنگ میں مرنے والے ایرانی فوجیوں کا یادگاری میوزیم
ایران عراق جنگ کے دوران ایران میں ولایت فقیہ جبکہ عرب ریاستوں پر امریکہ کی گرفت مظبوط ہو گئی۔ جس کا تسلسل آج بھی جاری ہے۔ ایران عراق جنگ کے دوران عرب ممالک کی جانب سے عراق کی کھل کر امداد کی گئی کیوں کہ عربوں کو خطرہ تھا کہ ایرانی شیعہ انقلاب دیگر خطوں میں بھی برامد ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران عراق جنگ شروع ہونے کے بعد نائیجیریا کی ثالثی کے نتیجے میں امریکی سفارتخانے پر قبضہ ختم کر کے عملے کو رہا کر دیا گیا تھا، جو باحفاظت امریکہ روانہ ہو گئے تھے۔
(انقلاب میں کمیونسٹ تحریک کا کردار جاننے کے لئے سبط حسن کی کتاب انقاب ایران کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔
انقلاب کے دنوں کی زمینی روداد جاننے کے لئے مختار مسعود کی لوح ایام بہترین ہے۔ 
دیگر احوال کی تفصیل کے لیے تاریخ اور حالات حاضرہ کے موضوع پر مختلف جانب سے لکھی گئی کتابوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔)

جمال خاشقجی کا قتل، سعودی شقاوت اور آزدی اظہار رائے

سعودیہ کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہوا’ مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کے جسم کے اعضاء سعودی قونصلر جنرل محمد العتیبی کے استنبول میں واقع ...